تین خانوں کے سیاسی میدان الگ
بھارت کی فلمی صنعت بالی وڈ پر راج کرنے والے تین خان سیاست کے میدان میں تین مختلف اور بظاہر متصادم راستے اختیار کرتے نظر آ رہے ہیں۔ شاہ رخ کانگریس کے پرانے مداح ہیں، سلمان خان مودی کے ساتھ پتنگ اڑاتے نظر آ رہے ہیں جب کہ عامر خان انقلابی ڈگر پر چل نکلے ہیں اور انھوں نے عام آدمی پارٹی کا انتخاب کیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان تینوں خانوں، شاہ رخ
خان، عامر خان اور سلمان خان نے اپنا وزن کسی مخصوص پارٹی کے پلڑے میں ڈالنے کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا ہے لیکن وہ ایسے سیاسی اشارے اور انداز اختیار کر رہے ہیں جن سے ان کی سیاسی جھکاؤ
کے واضح اشارے ملتے ہیں۔
کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کو کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کے پرانے مداح اور پارٹی کے نائب سربراہ اور وزیر اعظم کے متوقع امیدوار راہل گاندھی کا دوست تصور کیا جاتا ہے۔